لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر بن گیا، شاہدرہ میں ایئر کوالٹی انڈیکس 500 تک پہنچ گیا

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال مزید خراب ہوگئی، شہر ایک بار پھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا۔ مختلف علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) خطرناک حد تک بلند ہوگیا ہے، جس سے شہریوں کی صحت کے حوالے سے تشویش بڑھ گئی ہے۔

عالمی ادارے آئی کیو ایئر کے مطابق لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 238 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ پنجاب ایئر کوالٹی انڈیکس کی رپورٹ کے مطابق صبح 6 بجے آلودگی کی سطح 285 تک پہنچ گئی۔

آئی کیو ایئر کی عالمی درجہ بندی میں بھارت کا دارالحکومت نئی دہلی 214 اے کیو آئی کے ساتھ دوسرے، ویتنام کا شہر ہنوئی 188 کے ساتھ تیسرے اور عراق کا شہر بغداد 169 کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہا، جبکہ کراچی 166 اے کیو آئی کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہے۔

پنجاب ایئر کوالٹی انڈیکس کی رپورٹ کے مطابق لاہور میں گزشتہ روز صبح 6 بجے اے کیو آئی 229 ریکارڈ کیا گیا تھا، جو آج بڑھ کر 285 ہوگیا۔ اس اضافے کے باعث شہر میں فضائی آلودگی کی سطح غیر صحت بخش ہوگئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں میں صورتحال مزید تشویشناک ہے۔ شاہدرہ میں اے کیو آئی 500 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ واہگہ بارڈر پر 366، ملتان روڈ پر 335 اور برکی روڈ پر 306 کی سطح سامنے آئی۔

فضائی آلودگی میں اضافے سے شہریوں، بالخصوص بچوں، بزرگوں اور دل یا سانس کی بیماریوں میں مبتلا افراد کی صحت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ آلودہ فضا میں زیادہ دیر تک رہنے سے آنکھوں میں جلن، کھانسی اور سانس لینے میں دشواری جیسی علامات پیدا ہوسکتی ہیں۔

ماہرینِ صحت کی ہدایات کے مطابق شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں اور کھلی فضا میں سخت جسمانی مشقت محدود رکھیں۔ باہر نکلنا ضروری ہو تو مناسب حفاظتی ماسک استعمال کریں، جبکہ بچوں، بزرگوں اور سانس کے مریضوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button