پاکستان کی سعودی عرب پر حوثی میزائل حملوں کی مذمت، حرمین شریفین کے تحفظ کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان نے سعودی عرب پر حوثی ملیشیا کے میزائل حملوں کی مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ پاکستان نے حملوں کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے انہیں مقدس مقامات کے تقدس اور شہریوں کی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق 24 اکتوبر کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے علاقوں میں حملوں کی اطلاعات تشویش کا باعث ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ سعودی عرب پر حوثی ملیشیا کے میزائل حملے اس کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔

دفتر خارجہ کے مطابق ان حملوں میں مقدس ترین مقامات کے تقدس اور شہریوں کے تحفظ کو نظرانداز کیا گیا، جس پر پاکستان کو گہری تشویش ہے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی اور حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے اپنے پختہ عزم پر قائم ہے۔ کسی بھی بیرونی جارحیت یا خطرے کی صورت میں پاکستان سعودی عرب کی حمایت جاری رکھے گا۔

پاکستان نے حوثی ملیشیا کے میزائل حملوں کو ناکام بنانے پر سعودی مسلح افواج کی کارکردگی کو بھی سراہا اور سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کیا۔

مزید خبریں

Back to top button