کشمیری عوام تمام مشکلات کے باوجود عزم و حوصلے پر قائم ہیں، اسحاق ڈار

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام تمام تر مشکلات کے باوجود اپنے عزم، حوصلے اور ثابت قدمی پر قائم ہیں، پاکستان کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔
یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں اسحاق ڈار نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947ء کے واقعات کو گہرے رنج و غم کے ساتھ یاد کیا جاتا ہے، جب بھارتی افواج سری نگر میں داخل ہوئیں اور جموں و کشمیر کی تاریخ کے ایک طویل اور المناک باب کا آغاز ہوا۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ کئی دہائیوں سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام بے پناہ مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان میں بنیادی آزادیوں پر پابندیاں، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں اور دیگر مصائب شامل ہیں، تاہم ان تمام حالات کے باوجود کشمیری عوام کا حوصلہ اور ثابت قدمی برقرار ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل جموں و کشمیر کے تنازع پر متعدد قراردادیں منظور کر چکی ہے اور پاکستان مسلسل اس مؤقف پر قائم ہے کہ ان قراردادوں کی روشنی میں مسئلے کا حل تلاش کرنا بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
انہوں نے عالمی برادری کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دیرینہ تنازع جموں و کشمیر کے منصفانہ، پُرامن اور پائیدار حل کے لیے بین الاقوامی برادری کو مؤثر اقدامات کرنے چاہییں۔ پاکستان کشمیری عوام کے جائز حقوق اور حقِ خودارادیت کے حصول کی حمایت جاری رکھے گا۔



