یومِ سیاہ کشمیر: صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کا کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جدوجہد، عزم اور قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مسئلہ جموں و کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ سیاہ کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کے لیے جاری جدوجہد کی بھرپور حمایت کے اعادے کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام طویل عرصے سے تنازعات، پابندیوں اور بنیادی حقوق سے محرومی کا سامنا کر رہے ہیں۔

صدر زرداری نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ تنازع جموں و کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ 27 اکتوبر جموں و کشمیر کی تاریخ کا ایک المناک باب یاد دلاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 79 برس گزرنے کے باوجود کشمیری عوام اپنے بنیادی حقِ خودارادیت سے محروم ہیں۔

وزیراعظم نے کشمیری عوام کی جرأت، ثابت قدمی اور قربانیوں کو ان کی جدوجہد کا روشن ثبوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پُرامن حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں۔ پاکستان کشمیری عوام کے جائز حقوق اور حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے اپنی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔

مزید خبریں

Back to top button