بانی پی ٹی آئی اور ان کے اہل خانہ سمیت قوم کو انصاف ملنا چاہیے،بیرسٹر علی ظفر

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما بیرسٹر علی ظفر کا کہنا ہے کہ آئین کہتا ہے ایک وزیر اعلیٰ اور اسپیکر کو اس طرح قید میں نہیں ڈال سکتے، اس طرح وزیر اعلیٰ اور اسپیکر کو اٹھا کر نامعلوم نہیں بنا سکتے، آئین شکنی تو ہوگئی لیکن حکومت مزید آئین کی خلاف ورزی کررہی ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹرعلی ظفر نے کہا کہ جس طرح کےحالات ہیں ان میں پارلیمانی پارٹی کو کردار ادا کرنا ہے، پارلیمانی پارٹی کو بہت اہم فیصلے فوری کرنے ہیں، پارلیمانی پارٹی کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔
بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ ہمارے پارلیمنٹیرینز ہی کوئی احتجاج ہو یا مذاکرات،اس میں شامل ہوتے ہیں، ضرورت ہے کہ ہمارے پارلیمنٹیرینز فیصلے کریں، اس کا یہ مطلب نہیں کہ پولیٹیکل کمیٹی اور کور کمیٹی ختم ہوگئی، پولیٹیکل کمیٹی اور کور کمیٹی اپنی جگہ اچھا کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور اسکی فیملی سمیت قوم کو انصاف ملنا چاہیے، نئے انتظامی یونٹس سے متعلق میرا واضح موقف ہےصوبے بننے چاہیے، صوبے اس وقت بننے چاہییں جب اتفاق رائے ہو، اس وقت اور بہت مسائل ہیں۔



