صاحبہ ریمبو نے بیٹے احسن افضل خان کو اقربا پروری سے متعلق اہم نصیحت کردی

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستانی فلموں کی اداکارہ صاحبہ ریمبو نے شوبز انڈسٹری میں اقربا پروری (نیپوٹزم) کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے اپنے بیٹے احسن افضل خان کو دی گئی نصیحت سے پردہ اٹھا دیا۔

ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے صاحبہ نے بتایا کہ وہ اپنے بیٹے سے کہہ چکی ہیں کہ شوبز میں تم چاہے کتنی ہی بڑی کامیابی حاصل کرلو، لوگ تمہاری کامیابی کو ہمیشہ تمہارے والدین کی شہرت سے جوڑیں گے۔

اداکارہ کے مطابق انہوں نے بیٹے کے کیریئر کے لیے کراچی منتقل ہونے کا فیصلہ کیا۔ اگرچہ وہ فلمی دنیا میں نمایاں مقام رکھتی ہیں، تاہم ٹیلی وژن ڈراموں کی صنعت میں اپنی جگہ بنانے کے لیے انہیں بھی مسلسل محنت کرنا پڑ رہی ہے۔

صاحبہ نے کہا کہ کراچی میں پروڈیوسرز کے ساتھ ان کی ایسی قریبی شناسائی نہیں جس سے کام حاصل کرنے میں آسانی ہو، اس لیے ڈراموں میں مقام بنانے کے لیے انہیں خود کوششیں کرنا پڑتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ احسن کو بھی ہر موقع اپنی کوششوں سے حاصل کرنا پڑتا ہے، لیکن اس کے باوجود لوگ اس کی کامیابی کو اقربا پروری سے جوڑتے ہیں۔ صاحبہ کے مطابق والدین کی شہرت ابتدائی مواقع دلانے میں مددگار ہوسکتی ہے، مگر انڈسٹری میں اپنی صلاحیتیں منوانے اور مستقل مقام بنانے کے لیے محنت ضروری ہے۔

مزید خبریں

Back to top button