یوکرین کے ڈرون حملے میں روسی شہر وورونژ لرز اٹھا، 3 افراد ہلاک اور 39 زخمی، صنعتی و رہائشی عمارتوں میں آگ لگ گئی

روس (جانو ڈاٹ پی کے)روسی حکام کے مطابق 26 اکتوبر کی رات اور صبح یوکرینی مسلح افواج نے وورونژ شہر اور اس کے گردونواح کو بڑے پیمانے پر ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا۔ روسی فضائی دفاعی نظام نے مجموعی طور پر 113 یوکرینی ڈرونز تباہ کرنے کا دعویٰ کیا، جن میں سے 70 سے زائد وورونژ شہر کی فضائی حدود میں مار گرائے گئے۔

وورونژ ریجن کے گورنر الیگزینڈر گوسیف نے بتایا کہ حملوں میں جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ علاقائی وزارت صحت کے مطابق تین افراد ہلاک اور 39 زخمی ہوئے، جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

روسی حکام کا کہنا ہے کہ ڈرونز کا ملبہ ایک مسافر ٹرین پر بھی گرا، جس کے نتیجے میں متعدد مسافر زخمی ہوئے۔ حکام کے مطابق زخمیوں کی بڑی تعداد اسی ٹرین میں سوار تھی۔

حملوں کے دوران متعدد صنعتی تنصیبات، ایک کاروباری مرکز، رہائشی اپارٹمنٹ کی عمارت اور ایک اسکول کے اسٹیڈیم سمیت مختلف مقامات پر آگ بھڑک اٹھی۔ امدادی اور متعلقہ اداروں نے متاثرہ مقامات پر صورتِ حال کا جائزہ لیا۔

علاقائی حکام نے ابتدائی طور پر دو افراد کی ہلاکت اور ایک بچے سمیت 17 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع دی تھی، تاہم بعد ازاں وزارت صحت نے ہلاکتوں کی تعداد تین اور زخمیوں کی تعداد 39 ہونے کی تصدیق کردی۔

گورنر الیگزینڈر گوسیف نے علاقائی حکومت کے اجلاس کا آغاز حملوں میں ہلاک ہونے والوں کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی سے کیا۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں کے دکھ میں شریک ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button