برطانوی ہائی کمشنر کا اپٹما کا دورہ، پاکستانی ٹیکسٹائل برآمدات بڑھانے اور تجارتی روابط مضبوط بنانے پر زور

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاکستان کی ٹیکسٹائل صنعت میں پائیداری اور عالمی معیارات کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت کو سراہا۔

جین میریٹ نے پاکستانی برآمد کنندگان پر زور دیا کہ وہ برطانوی مارکیٹ میں دستیاب تجارتی مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور برطانیہ میں ہونے والی تجارتی نمائشوں میں پاکستانی کاروباری اداروں کی شرکت بڑھائیں۔

برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ برطانوی برانڈز اور ریٹیلرز کے ساتھ مضبوط روابط پاکستانی برآمدات میں اضافے کے لیے اہم ہیں۔ ان کے مطابق ٹیکنیکل ٹیکسٹائل کے شعبے میں تحقیق، جدت اور مشترکہ منصوبوں کے ذریعے تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

اپٹما کے چیئرمین اسد شفیع نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے نمایاں مواقع ہیں۔ برطانوی اداروں کے ساتھ تعاون پاکستانی ٹیکسٹائل صنعت کی مسابقت اور عالمی منڈیوں تک رسائی بہتر بنانے میں مدد دے سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ برطانوی جامعات اور تحقیقی اداروں کے ساتھ اشتراک سے ٹیکسٹائل کے شعبے میں جدت کو فروغ دیا جاسکتا ہے، جبکہ اپٹما اور برطانوی اداروں کے درمیان عملی تعاون کا مؤثر فریم ورک تشکیل دینا ضروری ہے۔

مزید خبریں

Back to top button