ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کا عدالت میں دفعہ 342 کے سوالات کے جواب دینے سے انکار

راولپنڈی (جانو ڈاٹ پی کے)اڈیالہ جیل میں انسداد دہشت گردی عدالت کی سماعت کے دوران ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ نے بیریئرز ہٹانے اور کارِ سرکار میں مداخلت کے مقدمے میں ضابطہ فوجداری کی دفعہ 342 کے تحت بیانات ریکارڈ کرانے سے انکار کردیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے مقدمے کی سماعت کی۔ اس موقع پر ہادی علی چٹھہ نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کی جگہ اسٹیٹ کونسل ہی دفعہ 342 کا بیان ریکارڈ کروا دے۔

جج طاہر عباس سپرا نے واضح کیا کہ دفعہ 342 کے تحت بیان عدالت اور ملزم کے درمیان ہوتا ہے، اس لیے ملزمان کو خود سوالات کے جوابات دینا ہوں گے۔

ایمان مزاری نے بھی واضح کیا کہ وہ دفعہ 342 کے تحت بیان ریکارڈ نہیں کروائیں گی۔ اس پر جج نے ریمارکس دیے کہ اگر ملزمان سوالات کے جواب نہیں دیتے تو عدالتی حکم میں یہی درج کیا جائے گا کہ انہوں نے جواب نہیں دیا۔

عدالت نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو آئندہ سماعت پر بیانات ریکارڈ کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے مقدمے کی مزید سماعت 26 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

مزید خبریں

Back to top button