آصفہ بھٹو زرداری کی یومِ اقوامِ متحدہ کی تقریب میں شرکت، نوجوانوں اور پائیدار ترقی کے منصوبوں کا جائزہ

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے)خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری نے کراچی کے یوتھ ڈویلپمنٹ سینٹر میں یومِ اقوامِ متحدہ کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی اور اقوامِ متحدہ کے مختلف اداروں، محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان سندھ اور دیگر سرکاری محکموں کی جانب سے قائم کیے گئے اسٹالز کا دورہ کیا۔

تقریب میں صوبائی وزیر سعید غنی، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ سید نجم شاہ، سیکرٹری کھیل و امورِ نوجوانان منور علی مہیسر، ڈائریکٹر کھیل اسد اسحاق سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔

تقریب میں اقوامِ متحدہ کے مختلف اداروں نے تعلیم، صحت، نوجوانوں کی ترقی، موسمیاتی تبدیلی، انسانی حقوق، سماجی بہبود اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں جاری سرگرمیوں اور منصوبوں کو اجاگر کیا۔ شہریوں اور نوجوانوں کو ان اداروں کی خدمات اور اقدامات سے آگاہ کرنے کے لیے مختلف اسٹالز بھی لگائے گئے۔یو این پاکستان کی کنٹری ہیڈ نے تقریب کے انعقاد اور انتظامات پر سندھ حکومت اور محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ کے اداروں کو اپنی سرگرمیاں عوام کے سامنے پیش کرنے کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرنے کو سراہا۔یومِ اقوامِ متحدہ کی تقریب میں ہزاروں شہریوں، نوجوانوں، بچوں اور خاندانوں نے شرکت کی اور مختلف اسٹالز اور سرگرمیوں میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

مزید خبریں

Back to top button