فرانس میں مہنگائی کیخلاف عوامی غصہ بڑھ گیا،ملک بھر میں 700 سے زائد مظاہروں کا اعلان

فرانس (جانو ڈاٹ پی کے)فرانس میں مہنگائی اور قوتِ خرید میں کمی کے خلاف مزدور تنظیموں، طلبہ اور یلو ویسٹس تحریک کی جانب سے احتجاجی مظاہروں کے نئے سلسلے کے اعلان کے بعد سکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔ حکام نے ملک بھر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے 70 ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے ہیں، جب کہ ہفتے کے روز ہونے والے مظاہروں کے دوران 135 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حکام کو خدشہ ہے کہ گزشتہ ہفتے کی طرح اس بار بھی مظاہروں کے دوران لوٹ مار، توڑ پھوڑ اور املاک کو نقصان پہنچانے کے واقعات پیش آسکتے ہیں۔ فرانسیسی وزیر داخلہ کے مطابق پولیس نے احتجاج کے دوران مختلف اقسام کے ہتھیار بھی ضبط کیے۔

لیون میں احتجاج پر پابندی کے باوجود مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے، جنہیں منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس استعمال کی۔ دوسری جانب مارسیے میں پابندی واپس لیتے ہوئے مزدور تنظیموں کو ریلی نکالنے کی اجازت دے دی گئی، جب کہ سٹراسبرگ میں بھی مظاہرے شیڈول ہیں۔

رپورٹس کے مطابق ملک بھر میں 700 سے زائد احتجاجی اجتماعات کا اعلان کیا گیا ہے۔ نینسی، میتز، بیزانسوں، بیلفور، روآن، لی آوور، ٹولون اور لیموژ سمیت متعدد شہروں میں مظاہروں پر پابندیاں برقرار ہیں۔

گزشتہ ہفتے ہونے والے پُرتشدد مظاہروں میں پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے تھے، جب کہ تین ہزار سے زائد دکانوں کو نقصان پہنچانے اور لوٹ مار کے واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔ مہنگائی اور گرتی قوتِ خرید کے خلاف احتجاج نے فرانسیسی حکام کو سکیورٹی اقدامات مزید سخت کرنے پر مجبور کردیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button