بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت مان کو لاہور میں عالمی پنجابی کانفرنس کی دعوت

چندی گڑھ(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت سنگھ مان کو لاہور میں منعقد ہونے والی عالمی پنجابی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دے دی گئی، تاہم انہوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بھارتی حکومت انہیں پاکستان آنے کی اجازت نہیں دے گی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھگونت مان نے مشرقی پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران بتایا کہ کانفرنس کے منتظمین، بالخصوص پنجابی شاعر بابا بشیر حسین ناظمی نے انہیں لاہور آنے کی دعوت دی ہے اور ان کی میزبانی کی پیشکش بھی کی ہے۔

بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ نے طنزیہ انداز میں کہا کہ جب بھارتی حکومت انہیں فرانس اور جاپان جیسے ممالک کے دوروں کی اجازت نہیں دیتی تو پاکستان جانے کی اجازت کیسے دے گی؟

بھگونت مان کا کہنا تھا کہ دونوں پنجابوں کی ثقافت مشترک ہے اور وہاں کے شاعر بھی لاہور جائیں گے، اس لیے وہ خود بھی کانفرنس میں شرکت کے خواہش مند ہیں۔

اس موقع پر بھارتی پنجاب اسمبلی کے اسپیکر کلتار سنگھ سندھواں نے کہا کہ اگر وزیراعلیٰ کو پاکستان جانے کی اجازت مل گئی تو وہ انہیں بھی ارکان اسمبلی کے ہمراہ لے جائیں گے۔

اس پر بھگونت مان نے خواہش ظاہر کی کہ اسمبلی اسپیکر، حکومتی اور اپوزیشن ارکان سمیت تمام اراکین کرتارپور صاحب جائیں اور وہاں حاضری دیں، تاہم اس کے لیے کرتارپور راہداری کا کھلنا ضروری ہے۔

واضح رہے کہ لاہور میں عالمی پنجابی کانفرنس 27 سے 29 نومبر تک منعقد ہوگی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کانفرنس کا اہتمام پنجابی پرچار آرگنائزیشن، پنجابی لہرا اور پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف لینگویج، آرٹ اینڈ کلچر کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے، جس میں نو ممالک سے مہمانوں کی شرکت متوقع ہے۔

بھگونت مان کی کانفرنس میں شرکت کا حتمی فیصلہ بھارتی حکومت کی اجازت سے مشروط ہوگا۔

مزید خبریں

Back to top button