طاقتور افراد بھی قانون سے بالاتر نہیں، مظلوموں کو انصاف دلانے کیلئے ہر ممکن کوشش کروں گی، مریم نواز

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ وہ مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہیں، چاہے ان پر ظلم کرنے والا کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو۔ کسی کی دولت، اثر و رسوخ یا سیاسی تعلقات اسے قانون کے کٹہرے میں جواب دہ ہونے سے نہیں بچا سکتے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں مریم نواز نے کہا کہ یہ ان مغرور افراد کے لیے واضح پیغام ہے جو غریبوں کو اپنے سے کمتر سمجھتے ہیں اور دولت و طاقت کے بل بوتے پر خود کو قانون سے بالاتر تصور کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ بطور وزیراعلیٰ ان کی ترجیح مظلوموں کا ساتھ دینا ہے، کیونکہ انصاف صرف امیر اور طاقتور افراد کا حق نہیں بلکہ ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ قانون سے بالاتر کوئی نہیں اور کسی مظلوم کو محض اس لیے تنہا نہیں چھوڑا جا سکتا کہ اس کے خلاف کھڑا ہونے والا شخص دولت یا اثر و رسوخ رکھتا ہے۔

انہوں نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مظلوموں کو انصاف دلانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی اور کسی کو بھی پیسے یا طاقت کی بنیاد پر قانون سے بچ نکلنے کا حق نہیں دیا جا سکتا۔

مزید خبریں

Back to top button