پاکستان کی عالمی مالیاتی منڈیوں میں واپسی،3ارب ڈالر کے یورو بانڈز کا ذکر،عالمی بینک نے معاشی استحکام کو سراہ دیا

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے عالمی بینک کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان کی معاشی صورتحال، اقتصادی استحکام برقرار رکھنے، ساختی اصلاحات کے تسلسل، سرمایہ کاری کے فروغ اور برآمدات پر مبنی پائیدار ترقی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق ملاقات میں عالمی بینک کے اعلیٰ عہدیدار سندیپ مہاجن نے پاکستان میں معاشی استحکام کی بحالی پر وزیر خزانہ کو مبارک باد دی۔ عالمی بینک کے وفد نے علاقائی بحران سے نمٹنے کے لیے حکومت پاکستان کے اقدامات کو بھی سراہا۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ پاکستان نے 3 ارب ڈالر کے یورو بانڈز جاری کرکے عالمی سرمایہ منڈیوں تک دوبارہ رسائی حاصل کی ہے۔ ملاقات میں اس پیش رفت کی اہمیت، سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید مستحکم کرنے اور پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح حاصل کیے گئے معاشی استحکام کو سرمایہ کاری اور برآمدات پر مبنی پائیدار اقتصادی ترقی میں تبدیل کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری بڑھانے، پیداواری صلاحیت میں اضافے اور معاشی سرگرمیوں کو وسعت دینے کے لیے قابلِ پیش گوئی پالیسی ماحول فراہم کرنا ناگزیر ہے۔
محمد اورنگزیب نے معاشی اصلاحات پر مستقل عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پالیسیوں میں تسلسل اور کاروباری ماحول میں بہتری سرمایہ کاروں کا اعتماد مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔
ملاقات میں نجکاری کے عمل کو آگے بڑھانے، ضابطہ جاتی اصلاحات متعارف کرانے اور بنیادی ڈھانچے کے ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔ شرکا نے اس امر کا جائزہ لیا کہ طویل مدتی معاشی ترقی کے لیے کن شعبوں میں اصلاحات اور سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔
اعلامیے کے مطابق روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے، نجی شعبے کی شمولیت بڑھانے اور سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان اور عالمی بینک نے معاشی استحکام برقرار رکھنے، ساختی اصلاحات جاری رکھنے، سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔



