پرویز الٰہی سمیت دیگر کے خلاف گجرات ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن ریفرنس کی سماعت 9 دسمبر تک ملتوی

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) احتساب عدالت لاہور نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف گجرات کے ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن اور کک بیکس کے ریفرنس کی سماعت 9 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

احتساب عدالت کے جج رانا عارف نے ریفرنس کی سماعت کی، جس کے دوران سابق پرنسپل سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی سمیت دیگر ملزمان پیش ہوئے، جبکہ پرویز الٰہی کی نمائندگی کے لیے ان کے مقرر کردہ پلیڈر مختیار احمد رانجھا عدالت میں حاضر ہوئے۔

عدالت نے بیماری کے باعث چوہدری پرویز الٰہی کو ذاتی حاضری سے مستقل استثنیٰ دے رکھا ہے۔ سماعت کے دوران نیب کے گواہان شہادتیں ریکارڈ کرانے کے لیے پیش ہوئے، تاہم ملزمان کے سینئر وکلا عدالت میں موجود نہیں تھے۔

اس موقع پر معاون وکیل نے ٹرائل کی کارروائی مؤخر کرنے کی استدعا کی، جسے مدنظر رکھتے ہوئے عدالت نے ریفرنس کی مزید سماعت 9 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے گجرات کے ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن، رشوت اور کک بیکس کے الزامات پر پرویز الٰہی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف ریفرنس دائر کر رکھا ہے۔ احتساب عدالت ملزمان پر فردِ جرم بھی عائد کر چکی ہے، تاہم الزامات کا حتمی فیصلہ عدالتی کارروائی مکمل ہونے پر ہوگا۔

مزید خبریں

Back to top button