منشیات برآمدگی کیس: انمول عرف پنکی کی 2 مقدمات میں بریت کی درخواست دائر

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) منشیات برآمدگی کے مقدمات میں نامزد ملزمہ انمول عرف پنکی کی دو مقدمات میں بریت کے لیے درخواست دائر کر دی گئی، جبکہ عدالت نے تین مقدمات کی مزید سماعت 31 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔
کراچی کی عدالت میں انمول عرف پنکی کے خلاف منشیات برآمدگی کے تین مقدمات کی سماعت ہوئی، جس کے دوران ملزمہ کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کیا گیا۔ سماعت میں تفتیشی افسر سمیت تین گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے۔
اس موقع پر وکیلِ صفائی نے گواہوں کے بیانات پر جرح کے لیے مہلت طلب کی، جس پر عدالت نے مقدمات کی مزید سماعت 31 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔
دوسری جانب ملزمہ کی جانب سے دو مقدمات میں بریت کی درخواست بھی دائر کی گئی ہے، جس میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ انہیں ان مقدمات سے بری کیا جائے۔
عدالتی کارروائی کے مطابق انمول عرف پنکی اب تک 22 میں سے پانچ مقدمات میں بری ہو چکی ہیں۔
واضح رہے کہ انمول عرف پنکی کراچی میں منشیات کی مبینہ سپلائی کے نیٹ ورک سے متعلق مقدمات میں نامزد ہیں۔ پولیس کے مطابق انہیں 11 مئی 2026 کو کراچی کے علاقے گارڈن میں کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔ ان کے خلاف منشیات اور بغیر لائسنس اسلحہ رکھنے سمیت مختلف الزامات کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ مقدمات میں عائد الزامات کا حتمی تعین عدالتی کارروائی کے ذریعے ہوگا۔



