شیخوپورہ میں انسانیت سوز واقعہ، 12 سالہ گھریلو ملازمہ مبینہ تشدد سے جاں بحق

شیخوپورہ (جانوڈاٹ پی کے) شیخوپورہ کے علاقے اولکھ پارک میں گھر میں کام کرنے والی 12 سالہ ملازمہ زینب مبینہ طور پر اہلخانہ کے تشدد سے جاں بحق ہوگئی، پولیس نے واقعے میں ملوث ہونے کے الزام میں ایک ملزم کو گرفتار کر لیا جبکہ دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

پولیس کے مطابق واقعہ اولکھ پارک میں پیش آیا، جہاں گھر میں کام کرنے والی کم عمر بچی زینب پر مبینہ طور پر ڈنڈوں سے تشدد کیا گیا، جس کے نتیجے میں وہ جان کی بازی ہار گئی۔ واقعے میں ایک لیڈی ہیلتھ ورکر، اس کے شوہر اور 20 سالہ بیٹے کے ملوث ہونے کا الزام ہے۔

پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے لیڈی ہیلتھ ورکر کے شوہر کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ خاتون اور اس کے بیٹے کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

مقتولہ کی والدہ کے مطابق زینب فرخندہ بی بی کے گھر میں کل وقتی ملازمہ تھی اور اسے ماہانہ صرف 4 ہزار روپے اجرت دی جاتی تھی۔

کم عمر بچی کی مبینہ تشدد سے ہلاکت پر اہلخانہ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے انصاف فراہم کرنے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی اپیل کی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button