لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست، ایئر کوالٹی انڈیکس 294 ریکارڈ

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور پہلے نمبر پر آگیا، جہاں مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 294 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہے۔
دستیاب اعداد و شمار کے مطابق علامہ اقبال ٹاؤن میں اے کیو آئی 342، برکی روڈ پر 334 اور ماڈل ٹاؤن میں 281 ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح بیدیاں روڈ پر فضائی آلودگی کا انڈیکس 264 جبکہ عسکری ٹین میں 200 رہا۔
فضائی آلودگی کی بلند شرح کے باعث شہریوں کی صحت کو خطرات لاحق ہونے کا خدشہ ہے، خصوصاً بچوں، بزرگوں اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا افراد کو احتیاط کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں موجودہ درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ہوائیں دو کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ فضائی آلودگی کی بلند سطح کے پیش نظر غیر ضروری طور پر کھلی فضا میں زیادہ دیر رہنے سے گریز کریں۔ باہر نکلتے وقت مناسب حفاظتی ماسک استعمال کریں اور بچوں، بزرگوں اور سانس کے مریضوں کا خصوصی خیال رکھیں۔



