محسن نقوی نے لائبہ کے والد کو50لاکھ روپے سے زائد رقم واپس کردی

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ گولڈ میڈلسٹ طالبہ لائبہ اعجاز کے گھر پہنچے، جہاں انہوں نے لائبہ کے والد رانا اعجاز سے ملاقات کی۔ اس موقع پر آئی جی اسلام آباد سہیل چوہدری بھی موجود تھے۔ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے مبینہ جعلساز کی جانب سے لوٹی گئی رقم میں سے 50 لاکھ روپے سے زائد رقم لائبہ کے والد کے حوالے کی اور باقی رقم کی واپسی کی بھی یقین دہانی کرائی۔دوسری جانب آئی جی اسلام آباد سہیل چوہدری نے بھی لائبہ اعجاز کے گھر پہنچ کر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور افسوس کا اظہار کیا۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لائبہ کے والد رانا اعجاز نے وزیر داخلہ سمیت تمام افراد کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے ساتھ پیش آنے والے سانحے کو وہ کبھی نہیں بھول سکتے، تاہم پاکستانی عوام کی جانب سے ساتھ دینے پر انہیں سکون ملتا ہے۔رانا اعجاز نے بتایا کہ ان کی بیٹی بیرون ملک جانا چاہتی تھی اور ملک کی خدمت کرنے کی خواہش رکھتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کی جانب سے انہیں ہمیشہ حوصلہ ملا۔لائبہ کے والد کے مطابق انہیں آگاہ کیا گیا ہے کہ ملزم کے خلاف مزید مقدمات بھی سامنے آئے ہیں اور مبینہ طور پر مانسہرہ میں بھی بعض لڑکیوں سے رقم لی گئی تھی۔ رانا اعجاز نے کہا کہ ان کی اپنی رقم انہیں واپس مل گئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button