خیبرپختونخوا میں امن کے بغیر ترقی ممکن نہیں، صوبے کے حقوق کیلئے جماعت اسلامی کا تعاون درکار ہے، فیصل کریم کنڈی

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں امن قائم کیے بغیر ترقی ممکن نہیں، صوبے کی معاشی خوشحالی اور ترقی کا براہِ راست تعلق امن و امان کی بہتر صورتِ حال سے ہے، جبکہ صوبے کے مالی اور آئینی حقوق کے حصول کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان تعاون ضروری ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پشاور میں جماعت اسلامی کے مرکز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جماعت اسلامی کے نائب امیر پروفیسر ابراہیم سے ملاقات کی۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا شمالی عنایت اللہ خان، امیر وسطی اضلاع عبدالواسع، امیر جماعت اسلامی ہزارہ ڈویژن عبدالرزاق عباسی، سابق رکن قومی اسمبلی صابر حسین اعوان اور دیگر جماعتی رہنما بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران صوبے کی مجموعی صورتِ حال، امن و امان، گورننس میں بہتری، ترقیاتی منصوبوں اور عوام کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر خیبرپختونخوا کے مسائل کے حل، معاشی ترقی اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے سے متعلق مختلف تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔
فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا کہ صوبے میں امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے اور اس معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پائیدار امن کے ذریعے ہی ترقیاتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکتا ہے اور عوام کے معیارِ زندگی میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے زرعی شعبے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس شعبے کو ترقی دے کر معیشت مستحکم کرنے کے ساتھ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کیے جا سکتے ہیں۔ ان کے مطابق جنوبی اضلاع کی زمینوں کو آباد کرنے سے صوبے کی زرعی ضروریات پوری کرنے اور پیداوار بڑھانے میں مدد مل سکتی ہے، جس سے معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔
انہوں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ آئی ٹی کے ذریعے نوجوانوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔ نوجوانوں کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے اور صوبے کی معاشی ترقی کے لیے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور ترقیاتی اقدامات ضروری ہیں۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں اور پولیس شہداء کے لواحقین کی فلاح و بہبود ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے صوبے میں صفائی ستھرائی کی صورتِ حال بہتر بنانے اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
ملاقات میں خیبرپختونخوا کے مالی اور آئینی حقوق سے متعلق امور بھی زیرِ بحث آئے۔ گورنر نے کہا کہ بجلی کے خالص منافع، قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) اور وفاق سے متعلق دیگر معاملات کے حل کے لیے جماعت اسلامی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کا تعاون درکار ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صوبے کے حقوق کے حصول، عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے سیاسی جماعتوں کے درمیان مشترکہ کوششیں اور مؤثر رابطے ناگزیر ہیں۔



