راحت فتح علی خان اور عمار بیگ کا نیا گانا’’آجا‘‘ریلیز ہوتے ہی مقبول، یوٹیوب پر20 لاکھ سے زائد ویوز

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)معروف گلوکار راحت فتح علی خان اور نوجوان گلوکار عمار بیگ کا نیا گانا ’آجا‘ ریلیز ہوتے ہی مقبول ہوگیا، جس نے مختصر وقت میں یوٹیوب پر 20 لاکھ سے زائد ویوز حاصل کرلیے ہیں، جبکہ گانے کے مختلف حصے سوشل میڈیا ریلز پر بھی مقبولیت حاصل کررہے ہیں۔
گانے ’آجا‘ میں مشرقی کلاسیکی موسیقی کی گہرائی اور جدید اندازِ پیشکش کا خوبصورت امتزاج پیش کیا گیا ہے۔ راحت فتح علی خان کی پُرسوز آواز اور عمار بیگ کے منفرد اندازِ گائیکی نے گانے کو ایک دلکش رنگ دیا ہے۔
گانے کی دھن میں کلاسیکی موسیقی کی جھلک کے ساتھ جدید موسیقی کے رنگ بھی نمایاں ہیں، جبکہ اس کے بول محبت، انتظار، کسی کو پکارنے اور جدائی کی کسک جیسے جذبات کی عکاسی کرتے ہیں۔
’آجا‘ میں ایک ایسے دل کی کیفیت بیان کی گئی ہے جو اپنے کسی خاص شخص کی واپسی کا منتظر ہے اور اسے بار بار پکار رہا ہے۔ راحت فتح علی خان کی کلاسیکی گائیکی اور عمار بیگ کی آواز کے امتزاج کو نوجوان سامعین کی جانب سے بھی پذیرائی مل رہی ہے۔
گانے کے بول وارث بیگ اور عمار بیگ نے تحریر کیے ہیں، جبکہ اس کی دھن بھی دونوں فنکاروں نے مشترکہ طور پر ترتیب دی ہے۔ جبکہ ویڈیو میں صبا خالد نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔
واضح رہے کہ عمار بیگ اس سے قبل بھی اپنے گیتوں کے ذریعے پہچان بنا چکے ہیں۔ ان کے گانے ’جوگیا‘ کو یوٹیوب سمیت مختلف میوزک پلیٹ فارمز پر بھرپور پذیرائی ملی تھی، جس کے بعد ان کی مقبولیت میں نمایاں اضافہ ہوا۔
’آجا‘ کی ابتدائی کامیابی نے راحت فتح علی خان اور عمار بیگ کے مشترکہ میوزک پروجیکٹ کو موسیقی کے شائقین کی توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔



