یکم جنوری 2027 سے بجلی کا نیا بنیادی ٹیرف مقرر کرنے کا پہلا مرحلہ شروع

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)یکم جنوری 2027 سے بجلی کا نیا بنیادی ٹیرف مقرر کرنے کا پہلا مرحلہ شروع ہوگا، سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے بجلی خریداری قیمت طے کرنے کے لیے نیپرا میں درخواست جمع کروادی، درخواست میں بجلی خریداری کے 6 ممکنہ ٹیرف تجویز کیے گئے ہیں۔
جنوری سے دسمبر 2027 تک کم سے کم 3386 ارب 86 کروڑ روپے کی بجلی خریداری کی تجویز دی گئی ہے، اس عرصہ کے دوران فی یونٹ بجلی خریداری کا تخمینہ 25 روپے 88 پیسے فی یونٹ لگایا گیا ہے۔
درخواست میں خراب ترین صورتحال کے تحت فی یونٹ بجلی خریداری تخمینہ 29 روپے 25 پیسے فی یونٹ لگایا گیا ہے، پاور پرچیز پرائس میں کپیسٹی پیمنٹس کا تخمینہ کم سے کم 1914ارب 44 کروڑ روپے ہے، زیادہ سے زیادہ کپیسٹی پیمنٹس کا تخمینہ 1962ارب روپے لگایا گیا ہے۔
نیپرا کا کہنا ہے کہ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست پر 3 نومبر کو سماعت کی جائے گی، رواں سال جنوری سے دسمبر 2026 تک بجلی خریداری کی مالیت کا تخمینہ 3185 ارب روپے مقرر ہے۔
رواں سال فی یونٹ بجلی خریداری قیمت 25 روپے 32 پیسے فی یونٹ ہے، رواں سال دسمبر 2026 تک کپیسیٹی پیمنٹس کا تخمینہ 1923ارب 31 کروڑ روپے ہے، جنوری تا دسمبر 2026 فی یونٹ کپیسٹی پیمنٹس کا تخمینہ 14 روپے 86 پیسے ہے۔
جنوری تا دسمبر 2027 تک بجلی خریداری ٹیرف کا حتمی فیصلہ نیپرا سماعت کے بعد ہوگا۔



