عمران خان نےبھارت چھوڑنے کاحکومتی حکم عدالت میں چیلنج کردیا

ممبئی (جانو ڈاٹ پی کے)بھارتی اداکار عمران خان نے غیر ملکیوں کے علاقائی رجسٹریشن دفتر (ایف آر آر او) کی جانب سے 28 اکتوبر تک بھارت چھوڑنے کے لیے جاری کیے گئے نوٹس کو بمبئی ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔ اداکار نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ حکام نے ان کی اوورسیز سٹیزن آف انڈیا (او سی آئی) حیثیت کو مناسب طور پر مدنظر نہیں رکھا اور ملک چھوڑنے کا حکم دیتے ہوئے قانونی تقاضے پورے نہیں کیے۔

’گلف نیوز‘ کے مطابق، 44 سالہ اداکار نے ہفتے کے روز بمبئی ہائی کورٹ میں رِٹ پٹیشن دائر کی۔ درخواست 14 اکتوبر کو جاری ہونے والے ’لیو انڈیا‘ نوٹس کے خلاف دائر کی گئی ہے، جس میں انہیں 28 اکتوبر تک بھارت چھوڑنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

رپورٹس کے مطابق، یہ نوٹس 10 اکتوبر کو ممبئی کے آگست کرانتی میدان کے قریب عمران خان کو حراست میں لیے جانے کے بعد جاری کیا گیا۔ اداکار اس وقت چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف طلبہ کی قیادت میں ہونے والے احتجاج کے دوران وہاں موجود تھے۔ حکام نے ان پر امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا تھا۔

عمران خان امریکی شہری ہیں، تاہم ان کا کہنا ہے کہ وہ دو سال کی عمر سے بھارت میں مقیم ہیں۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکام نے ان کی قانونی حیثیت کا جائزہ لیتے ہوئے انہیں صرف امریکی شہری تصور کیا اور او سی آئی رجسٹریشن کی اہمیت کو نظرانداز کیا۔

اداکار کے مطابق، ان کی او سی آئی حیثیت بھارت میں رہائش کے حوالے سے قانونی بنیاد فراہم کرتی ہے، اس لیے مناسب قانونی کارروائی کے بغیر ملک چھوڑنے کا حکم ان کے حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ درخواست میں بھارتی آئین کے آرٹیکل 21 کے تحت حاصل تحفظات کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔اب اس معاملے پر بمبئی ہائی کورٹ کی کارروائی اہم ہوگی، جہاں اداکار کی جانب سے حکومتی نوٹس کی قانونی حیثیت کو چیلنج کیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button