کینیڈا کے شہر ایڈمنٹن میں خالصتان ریفرنڈم، بھارت مخالف نعروں کی گونج

ایڈمنٹن(ویب ڈیسک) کینیڈا کے شہر ایڈمنٹن میں خالصتان ریفرنڈم کے دوران بھارت مخالف نعروں کی گونج سنائی دی، سکھ برادری کی جانب سے بھارت سے علیحدگی اور مشرقی پنجاب کو آزاد ریاست بنانے کا مطالبہ کیا گیا۔

دنیا نیوز کے مطابق ایڈمنٹن میں خالصتان ریفرنڈم کی پولنگ کا انعقاد کیا گیا، جہاں البرٹا اسمبلی کے باہر ووٹنگ کا عمل جاری رہا۔ ریفرنڈم میں شرکت کے لیے امریکا اور کینیڈا سے ہزاروں سکھ ایڈمنٹن پہنچے، جبکہ پولنگ مرکز کے باہر ووٹرز کی طویل قطاریں دیکھنے میں آئیں۔

خالصتان ریفرنڈم میں سکھ برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکا نے بھارتی پالیسیوں اور مبینہ جارحیت کے خلاف نعرے بازی کی اور خالصتان کے قیام کے حق میں اپنے مطالبات کا اظہار کیا۔

رپورٹ کے مطابق ریفرنڈم کے لیے پولنگ شام 5 بجے تک جاری رہی۔ ایڈمنٹن میں ہونے والی اس سرگرمی نے ایک بار پھر خالصتان تحریک اور سکھ برادری کے علیحدہ ریاست کے مطالبے کو عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بنا دیا۔

مزید خبریں

Back to top button