ایران جنگ سے یورپی شہریوں کو 100 ارب یورو سے زائد نقصان، عام لوگ معاشی بوجھ تلے دب گئے، ہسپانوی وزیراعظم

میڈرڈ(ویب ڈیسک) اسپین کے وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ اب تک یورپی شہریوں کو 100 ارب یورو سے زیادہ کا نقصان پہنچا چکی ہے، جبکہ جنگ کے معاشی اثرات عام لوگوں کی زندگیوں پر بھاری پڑ رہے ہیں۔
دنیا نیوز کے مطابق ہسپانوی وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری ویڈیو پیغام میں کہا کہ جنگ کی مخالفت کرنے والے یورپی رہنماؤں نے اسے مسترد کرکے درست فیصلہ کیا تھا۔ ان کے بقول، ان رہنماؤں کو پہلے ہی اندازہ تھا کہ بالآخر اس جنگ کی قیمت عام شہریوں کو چکانا پڑے گی۔
برسلز میں یورپی کونسل کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیڈرو سانچیز نے کہا کہ جنگ کی مخالفت کرنے والوں کا مؤقف درست ثابت ہوا ہے۔ ان کے مطابق اس کی تصدیق بین الاقوامی قانون اور انسانی حقوق کے احترام کے علاوہ جنگ کے سنگین معاشی اور سماجی اثرات سے بھی ہوتی ہے، جن کا یورپی شہری ایک بار پھر سامنا کر رہے ہیں۔
ہسپانوی وزیراعظم نے بتایا کہ اسپین کی پارلیمان نے 12 ارب یورو سے زیادہ کے امدادی پیکج کی منظوری دی ہے۔ اس پیکج کا مقصد جنگ سے متاثرہ شعبوں کو سہارا دینا اور اپنی ذاتی گاڑیاں استعمال کرنے والے شہریوں کو معاشی مشکلات سے ریلیف فراہم کرنا ہے۔
پیڈرو سانچیز نے زور دیا کہ موجودہ صورتحال میں سب سے اہم ترجیح جنگ کے نتیجے میں پیدا ہونے والی تباہی کو جلد از جلد ختم کرنا ہے تاکہ شہریوں کو مزید معاشی اور سماجی نقصان سے بچایا جا سکے۔
ان کے بیان سے واضح ہوتا ہے کہ اسپین کی حکومت جنگ کے انسانی اور معاشی اثرات پر تشویش رکھتی ہے اور تنازع کے خاتمے کو یورپی شہریوں کے مفاد میں اہم قرار دیتی ہے۔



