مولانا فضل الرحمان کے مؤقف سے مایوسی ہوئی، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی حالیہ گفتگو سے انہیں بہت مایوسی ہوئی ہے اور وہ گورنر راج کے معاملے پر جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ کے مؤقف سے اتفاق نہیں کرتے۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کہا کرتے تھے کہ ان کے بغیر نہ کوئی حکومت بن سکتی ہے اور نہ چل سکتی ہے، تاہم ان کے بغیر بھی حکومت بن گئی ہے اور کامیابی سے چلے گی۔

گورنر خیبرپختونخوا نے مولانا فضل الرحمان کو دعوت دی کہ وہ صوبے کی خوشحالی اور بہتری کے لیے ساتھ دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے صوبے کو تباہ کیا، ان کا باب بند ہو چکا ہے، جبکہ سابق حکمرانوں کے بعض عناصر سرحد پار بیٹھ کر لوگوں کو اکسا رہے ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کے فیصلے افغانستان سے آتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بعض لوگ خود محلات میں بیٹھے ہیں، جبکہ غریب عوام کو جہاد کرنے کا کہتے ہیں۔

گورنر خیبرپختونخوا نے مولانا فضل الرحمان کے ماضی کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ کہا کرتے تھے کہ اپنے علاقے میں گھوم پھر نہیں سکتے اور وفاقی حکومت امن و امان برقرار رکھنے میں ناکام ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ یہ کہنا درست نہیں کہ خیبرپختونخوا حکومت قیام امن کے لیے کوششیں نہیں کر رہی، تاہم صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور اس حوالے سے حکومتی اقدامات پر سنجیدہ توجہ ضروری ہے۔

مزید خبریں

Back to top button