بلوچستان میں 20 پولیس اہلکار اغوا، قلات سے مستونگ منتقل کیے جانے کا انکشاف

کوئٹہ (جانوڈاٹ پی کے)بلوچستان کے رخشان ڈویژن سے تعلق رکھنے والے 20 پولیس اہلکاروں کو اغوا کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق مغوی اہلکار پولیس ٹریننگ سینٹر قلات میں تربیت حاصل کر رہے تھے اور چھٹی پر اپنے گھروں کو جا رہے تھے۔
پولیس حکام کے مطابق اہلکار ایک نجی مسافر وین میں سوار ہو کر قلات سے نوشکی جا رہے تھے۔ وہ قلات اور نوشکی کے درمیان سربند کے راستے سفر کر رہے تھے کہ ضلع قلات کی حدود میں انہیں اغوا کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق اغوا کار اہلکاروں کو ضلع مستونگ کی حدود میں لے گئے، جہاں سے بعد ازاں انہیں کسی نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کے بعد مغوی اہلکاروں کی بازیابی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اہلکاروں کی بحفاظت بازیابی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، تاہم تاحال ان کی موجودگی سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔



