آزاد کشمیر کی ترقی اور عوامی مسائل پر رانا ثناء اللہ کی وزیراعظم افتخار علی گیلانی سے ملاقات

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ سینیٹر رانا ثناء اللہ سے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سید افتخار علی گیلانی نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں خطے کی ترقی، عوامی فلاح و بہبود اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران آزاد کشمیر کے عوام کو درپیش مسائل، نوجوانوں کی تعلیم اور انہیں مثبت سرگرمیوں میں شامل کرنے سمیت مختلف امور زیر بحث آئے۔
اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر سید افتخار علی گیلانی نے کہا کہ وہ آزاد جموں و کشمیر میں ترقیاتی عمل کو مؤثر بنانے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے وفاقی حکومت کے تعاون اور معاونت کے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کی خوشحالی، صحت کی سہولیات کی بہتری، نوجوانوں کی تعلیم و تربیت، مہارتوں کی ترقی اور روزگار کے بہتر مواقع پیدا کرنا ان کی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعظم کے مشیر سینیٹر رانا ثناء اللہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت آزاد کشمیر کی ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے کوششیں جاری رکھے گی۔
انہوں نے نوجوانوں کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرنے، انہیں بہتر مستقبل کے مواقع فراہم کرنے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے باہمی تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا۔



