سرکاری عہدہ عوامی خدمت کا ذریعہ بنائیں، روایتی اندازِ کار سے گریز کریں، مریم نواز

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نوجوان سرکاری افسران پر زور دیا ہے کہ وہ سرکاری ذمہ داریوں کو محض ملازمت نہ سمجھیں بلکہ عوام کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لیے کام کریں، کیونکہ ان کے فیصلے لاکھوں افراد کی زندگیوں پر اثر انداز ہوسکتے ہیں۔
پروونشل مینجمنٹ سروس سندھ کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ریاست نے افسران کی تعلیم، تربیت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر سرمایہ کاری کی ہے، لہٰذا اب ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی صلاحیتیں ملک اور عوام کی خدمت کے لیے بروئے کار لائیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان نے انہیں شناخت، عزت اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے ہیں۔ وہ خود بھی پاکستان میں تعلیم حاصل کرنے پر فخر محسوس کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری عہدے کے ساتھ بڑی ذمہ داری وابستہ ہوتی ہے اور حکومت چلانا بظاہر آسان دکھائی دیتا ہے، لیکن حقیقت میں یہ ایک مشکل کام ہے۔
مریم نواز نے واضح کیا کہ ان کی توجہ کا مرکز کارکردگی اور عملی نتائج ہیں۔ ایسے فیصلوں کو اہمیت دی جانی چاہیے جن سے عوام کو حقیقی فائدہ پہنچے اور ان کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی آئے۔
انہوں نے نوجوان افسران کو خبردار کیا کہ وہ روایتی اور آسان راستہ اختیار کرکے اپنی ذمہ داریوں سے بچنے کی کوشش نہ کریں۔ ان کے مطابق محض حاضری لگانا، دستخط کرنا یا دوسروں کی غفلت کو جواز بنا کر کام نہ کرنا ملک کی ترقی کے لیے نقصان دہ ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نوجوان افسران ملک کی مستقبل کی قیادت ہیں اور انہیں اپنے منصب کو اختیارات کے بجائے عوامی خدمت کی ذمہ داری سمجھنا چاہیے۔ سرکاری امور میں مؤثر کارکردگی اور عملی اقدامات ہی عوام کا اعتماد حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔



