آبنائے ہرمز میں مال بردار جہاز ڈوب گیا، سمندر میں تیرتے آئی فونز اور مہنگے پرفیومز کی ویڈیو وائرل

تہران(جانو ڈاٹ پی کے) آبنائے ہرمز میں ایک مال بردار جہاز ڈوبنے کے بعد سمندر کی سطح پر تیرتے آئی فونز اور مہنگے پرفیومز کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں چھوٹی کشتیوں پر سوار افراد کو پانی سے سامان نکالتے دیکھا جاسکتا ہے، تاہم ویڈیو کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق دبئی سے سامان لے کر روانہ ہونے والا سنگاپور کے پرچم بردار کنٹینر جہاز ’جی ایف ایس پرائیڈ‘ بدھ کے روز ایک حملے کے بعد آگ لگنے سے ڈوب گیا۔ اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ جہاز پر تقریباً ڈھائی ہزار کنٹینرز موجود تھے، جن میں قیمتی پرفیومز اور آئی فونز سمیت دیگر سامان شامل تھا۔

وائرل ویڈیو میں سمندر کی سطح پر پرفیوم کی بوتلوں کے پیکٹ اور آئی فونز کے ڈبے بکھرے دکھائی دیتے ہیں، جبکہ چھوٹی کشتیوں میں موجود افراد انہیں پانی سے نکالتے نظر آتے ہیں۔ تاہم، ان مناظر اور جہاز کے سامان کے درمیان تعلق کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

جہاز ڈوبنے کی وجہ سے متعلق متضاد دعوے سامنے آئے ہیں۔ ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا کہ جہاز آبنائے ہرمز میں بحری بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے بعد ڈوبا، کیونکہ ان کے بقول وہ غیر مجاز راستے سے گزر رہا تھا۔ دوسری جانب سمندری حکام کے مطابق جہاز کو نامعلوم نوعیت کے ایک پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا تھا۔

سنگاپور کی میری ٹائم اینڈ پورٹ اتھارٹی کے مطابق جہاز کے عملے کے تمام 21 ارکان کو بحفاظت نکال لیا گیا اور کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

یہ واقعہ آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کو نشانہ بنائے جانے کے متعدد واقعات کے دوران پیش آیا ہے۔ گزشتہ دس روز میں اس اہم سمندری گزرگاہ کے آس پاس کئی واقعات رپورٹ ہوئے، جن میں ڈرون حملے بھی شامل ہیں۔ برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز ادارے کے مطابق 48 گھنٹوں کے دوران ٹینکروں اور دیگر تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے کے کم از کم پانچ واقعات سامنے آئے۔

مزید خبریں

Back to top button