بدین میں بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کا اجلاس،مذہبی رواداری،بھائی چارے اور سماجی یکجہتی کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ/ پی کے)ڈپٹی کمشنر بدین زارا زاہد نے کہا ہے کہ ضلع بدین صدیوں سے مختلف مذاہب، عقائد اور برادریوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی باہمی محبت، رواداری اور بھائی چارے کی روایات کا امین رہا ہے، جنہیں ہر صورت برقرار رکھتے ہوئے امن، بین المذاہب ہم آہنگی اور سماجی یکجہتی کو مزید مضبوط بنایا جائے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمیٹی روم بدین میں منعقدہ بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ معاشرے میں امن اور برداشت کو فروغ دینے کے لیے مذہبی رہنماؤں انتظامیہ قانون نافذ کرنے والے اداروں، سماجی تنظیموں اور سول سوسائٹی کو مشترکہ ذمہ داری کے تحت اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری کو اپنے مذہب اور عقیدے کے مطابق آزادانہ زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے اور انتظامیہ اس حق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی انہوں نے متعلقہ میونسپل اور ٹاؤن کمیٹیوں کے افسران کو ہدایت کی کہ تمام مذہبی عبادت گاہوں کے اطراف صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جائے ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی صرف انتظامیہ کی ذمہ داری نہیں بلکہ پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اس مقصد کے لیے تعلیمی اداروں اور سماجی تنظیموں کے ذریعے امن، برداشت اور ایک دوسرے کے احترام کے حوالے سے آگاہی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے اس موقع پر جمعیت علمائے اسلام ضلع بدین کے صدر مولانا عبدالواحد فاروقی نے بدین کی پُرامن اور روادار شناخت کو برقرار رکھنے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نفرت، فرقہ واریت اور تفریق کو فروغ دینے والے کسی بھی عمل کو برداشت نہیں کیا جائے گا، جبکہ مختلف برادریوں کے درمیان محبت، احترام اور بھائی چارے کی فضا کو مزید مضبوط بنایا جائے گا انہوں نے کہا کہ ہم اقلیتی برادری کے ہر دکھ اور سکھ میں ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان کی خوشی ہماری خوشی اور ان کا دکھ ہمارا دکھ ہے اس موقع پر اقلیتی رہنما جیوت رام نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے اقلیتی برادری کے ساتھ ہمیشہ قانون کے مطابق تعاون کیا گیا ہے، جس پر اقلیتی برادری مطمئن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خوشی اور غمی یہاں کے لوگوں کے ساتھ مشترکہ ہے، چاہے ان کا تعلق کسی بھی مذہب سے ہو، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقلیتی قبرستان کی سرکاری طور پر پیمائش کرائی جائے اور قبرستان پر کی گئی تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے اجلاس میں ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر سرفراز سموں، اسسٹنٹ کمشنر تلہار جامن داس سونارو، اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈو باگو ثناء اللہ صدر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر چائلڈ پروٹیکشن دین محمد ڈھیرو، ڈی آئی بی انچارج انسپکٹر محمد خان سومرو، جمعیت علمائے اسلام کے ضلعی صدر مولانا عبدالواحد فاروقی، مولانا عبدالواحد میمن، اقلیتی رہنماؤں جیوتر رام، کرشن، ہیرو اور دیگر متعلقہ افسران، علمائے کرام اور اقلیتی رہنماؤں نے شرکت کی



