پاکستان اورملائیشیا کی مشترکہ فوجی مشق ’’ہرِماؤ مارخور-IV‘‘ اختتام پذیر

پبی (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان اور ملائیشیا کی افواج کے درمیان انسدادِ دہشتگردی کی مشترکہ فوجی مشق ’’ہرِماؤ مارخور-IV‘‘ کا چوتھا ایڈیشن نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر (این سی ٹی سی) پبی میں اختتام پذیر ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دو ہفتوں پر مشتمل یہ مشق 7 اکتوبر 2026ء کو شروع ہوئی تھی، جس کا مقصد انسدادِ دہشتگردی کے شعبے میں دونوں ممالک کی افواج کی پیشہ ورانہ مہارتوں اور آپریشنل صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مشق کے دوران تجربات کے تبادلے، مشترکہ آپریشنل سرگرمیوں، طریقۂ کار میں بہتری اور بہترین عملی تجربات سے استفادے پر توجہ مرکوز کی گئی، تاکہ دہشتگردی کے خلاف کارروائیوں میں دونوں افواج کی استعداد میں اضافہ کیا جاسکے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ مشترکہ فوجی مشق نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دیرینہ فوجی تعاون اور انسدادِ دہشتگردی کے شعبے میں باہمی اشتراک کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کی توثیق کی ہے۔



