ایمباپے نے میسی کاریکارڈ توڑ دیا،ہالینڈ نے بھی چیمپئنز لیگ میں نئی تاریخ رقم کردی

ریال میڈرڈ کے فارورڈ ایمباپے نے بدھ کو روما کے خلاف 3-4 کی سنسنی خیز کامیابی کے دوران چیمپئنز لیگ میں 100 میچز کھیلنے والے کم عمر ترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے یہ سنگ میل 27 سال اور 298 دن کی عمر میں عبور کیا، جبکہ لیونل میسی نے 28 سال اور 84 دن کی عمر میں چیمپئنز لیگ میں اپنا 100واں میچ کھیلا تھا۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ میسی نے بھی چیمپئنز لیگ میں اپنا 100واں میچ روما ہی کے خلاف کھیلا تھا۔ ایمباپے نے روما کے خلاف مقابلے میں ریال میڈرڈ کی جانب سے گول بھی کیا، جس کے بعد ٹورنامنٹ میں ان کے گولز کی تعداد 72 ہوگئی اور وہ کلب کے لیجنڈ راؤل گونزالیز سے آگے نکل گئے۔
دوسری جانب مانچسٹر سٹی کے نارویجن اسٹرائیکر ایرلنگ ہالینڈ نے چیمپئنز لیگ میں تیز ترین 60 گول کرنے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ لیونل میسی نے یہ کارنامہ 80 میچز میں انجام دیا تھا، جبکہ ہالینڈ نے صرف 60 میچز میں 60 گول مکمل کرکے نیا ریکارڈ قائم کیا۔
ہالینڈ نے یہ سنگ میل عبور کرنے والے کم عمر ترین کھلاڑی ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ یوں چیمپئنز لیگ میں ایک ہی روز دو بڑے ریکارڈز ٹوٹنے سے ایمباپے اور ہالینڈ کی شاندار انفرادی کارکردگی نمایاں ہوگئی۔



