ملک میں ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد 68 لاکھ سے تجاوز کر گئی

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) ملک میں انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد 68 لاکھ 15 ہزار سے تجاوز کر گئی، گزشتہ سال اسی مدت کے دوران 52 لاکھ سے زائد افراد نے ٹیکس ریٹرن فائل کیے تھے۔ذرائع کے مطابق تنخواہ دار طبقے کے علاوہ 45 لاکھ سے زائد افراد نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرائے، جبکہ 22 لاکھ سے زائد تنخواہ دار افراد نے بھی اپنے ٹیکس ریٹرن فائل کیے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چھوٹے دکانداروں کے لیے متعارف کرائی گئی ٹیکس اسکیم کے تحت اب تک 1473 تاجروں نے گوشوارے جمع کرائے ہیں، جن میں 137 نئے اور 1336 پہلے سے موجود تاجر شامل ہیں۔مزید بتایا گیا ہے کہ چھوٹے دکانداروں کی ٹیکس اسکیم کے تحت 2875 دکانداروں نے رجسٹریشن بھی کرائی ہے۔



