سوات میں سی ٹی ڈی اور پولیس کابڑاآپریشن،3مطلوب دہشتگردہلاک،2فرار

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی تھانہ کانجو کی حدود میں واقع علاقے سخاڈوب میں کی گئی۔ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت عبداللہ ولد سید بشر، منصور علی ولد عبدالمطلب اور غفران اللہ ولد افضل خان کے ناموں سے ہوئی ہے۔ حکام کے مطابق تینوں دہشت گردوں کا تعلق ٹی ٹی پی کمانڈر مظفر عرف خالد گروپ سے تھا اور ان کے قبضے سے قومی شناختی کارڈز بھی برآمد ہوئے، جن کے مطابق وہ ضلع سوات کے رہائشی تھے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق پولیس نفری کو دیکھتے ہی دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی، جس پر اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کا سلسلہ تھمنے کے بعد مکان سے 3 دہشت گردوں کی لاشیں برآمد ہوئیں۔
کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے 3 کلاشنکوفیں، 6 میگزین اور متعدد کارتوس برآمد کیے گئے۔ اس کے علاوہ گیس سلنڈر، کھانے پینے کے برتن، تھانہ شکردرہ کا نقشہ اور ایک ڈائری بھی تحویل میں لی گئی۔
ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گرد افضل خان گجر پر فائرنگ کے حملے، نعمت علی خان کے گھر اور ڈیرے پر فائرنگ، جبکہ سلیم اللہ عرف ساجد نیلا گرام کی ٹارگٹ کلنگ سمیت رواں سال پیش آنے والے متعدد دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہونے کا الزام تھا۔
انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے کارروائی میں حصہ لینے والے پولیس اہلکاروں کی بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور فرض شناسی کو سراہا۔
پولیس حکام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے سے دہشت گردی کے خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔



