گلوکار ملکو نے اپنے نام سے پرفیوم برانڈ لانچ کر دیا

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) بھنگڑا کنگ اور معروف گلوکار ملکو نے اپنے نام سے پرفیوم برانڈ ’’ملکو‘‘ لانچ کر دیا۔ لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں پرفیوم کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں شوبز انڈسٹری کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب میں ملکو کے علاوہ معروف کامیڈین قیصر پیا، سلیم البیلا، گوگا پسروری، کمپیئر ریاض خان، ریحان طارق، ڈاکٹر نبیہہ علی خان، ماڈل و اداکارہ سوانا راجپوت، محسن بھٹی سمیت دیگر شخصیات شریک ہوئیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ملکو نے کہا کہ اپنا پرفیوم برانڈ متعارف کرانا ان کا خواب تھا، جو آج پورا ہوگیا ہے۔ تقریب کے دوران گلوکار نے اپنے مقبول گانوں پر پرفارم بھی کیا، جس سے تقریب میں موجود شرکا محظوظ ہوئے۔
ملکو کا شمار پاکستان کے معروف گلوکاروں میں ہوتا ہے، تاہم ان کی کامیابی کا سفر آسان نہیں رہا۔ ایک غریب گھرانے میں آنکھ کھولنے والے ملکو نے محنت، لگن اور مسلسل جدوجہد کے ذریعے اپنی شناخت بنائی۔
ملک اشرف سے ملکو بننے تک کے سفر میں انہیں مالی مشکلات اور کئی آزمائشوں کا سامنا کرنا پڑا۔ بچپن میں والد کا سایہ سر سے اٹھ گیا، جبکہ میٹرک کے بعد اسٹار بننے کا خواب لیے وہ گھر میں موجود صرف 100 روپے لے کر لاہور آگئے۔
ابتدائی دنوں میں گزارے کے لیے انہوں نے برتن دھوئے اور مزدوری بھی کی۔ مشکل حالات کے باوجود اپنی تعلیم مکمل کی اور اہل خانہ کی کفالت کی ذمہ داری بھی نبھائی۔ طویل جدوجہد کے بعد موسیقی کی دنیا میں مقام بنانے والے ملکو نے اب کاروباری میدان میں بھی قدم رکھ دیا ہے۔



