بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3،مستونگ میں 2دہشتگردہلاک،104افغان شہری گرفتار

کوئٹہ (جانوڈاٹ پی کے) سکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ مستونگ میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کیے گئے آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے، جبکہ دشت اور تربت میں غیر قانونی طور پر بیرون ملک جانے کی کوشش کرنے والے 104 افغان شہریوں کو گرفتار کر لیا گیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق مستونگ کے علاقے پرنگ آباد کے قریب دہشت گردوں کی نقل و حرکت کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت کی گئی۔

دوسری جانب سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقوں دشت اور تربت میں انسانی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق ایران اور یورپ جانے کی غیر قانونی کوشش کرنے والے 104 افغان شہریوں کو حراست میں لیا گیا۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے، امن و امان کے قیام اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔ حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیوں کے ساتھ غیر قانونی نقل و حرکت کی روک تھام بھی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button