کوئٹہ میں بیسک ملٹری ٹریننگ 22 کی پاسنگ آؤٹ پریڈ، 173 جوان پاک فوج میں شامل

کوئٹہ(جانوڈاٹ پی کے) کوئٹہ کے بلوچ ٹریننگ ونگ میں بیسک ملٹری ٹریننگ 22 کی پروقار پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی، جس میں تربیت مکمل کرنے والے 173 جوان باقاعدہ طور پر پاک فوج کا حصہ بن گئے۔
پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں جنرل آفیسر کمانڈنگ کوئٹہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے دورانِ تربیت نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے جوانوں میں انعامات بھی تقسیم کیے۔
تقریب میں تربیت مکمل کرنے والے جوانوں کے اہلِ خانہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اپنے پیاروں کو فوجی تربیت مکمل کرکے پاک فوج میں شامل ہوتے دیکھ کر اہلِ خانہ نے خوشی کا اظہار کیا۔
تربیت مکمل کرنے والے جوانوں نے مادرِ وطن کے دفاع اور سلامتی کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے جوانوں کا کہنا تھا کہ پاک فوج میں بطور سپاہی شمولیت اختیار کرنا اور کامیابی سے تربیت مکمل کرنا ان کے لیے باعثِ فخر اور دلی خوشی ہے۔
جوانوں نے کہا کہ وہ ملک کے دفاع اور سلامتی کے لیے جذبے کے ساتھ پاک فوج میں بھرتی ہوئے ہیں اور اپنی ذمہ داریاں پوری لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ادا کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔



