ماتلی میں تجاوزات اور گراں فروشی کیخلاف کارروائی،2افراد گرفتار،دکانداروں پر79 ہزار روپے جرمانے

ماتلی (رپورٹ اے۔ایم۔گدی) ماتلی میں عوامی شکایات پر غیر قانونی تجاوزات اور گراں فروشی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دکانداروں پر مجموعی طور پر 79 ہزار روپے جرمانے عائد کیے گئے، جبکہ تجاوزات قائم کرنے والے بعض افراد کو گرفتار کرکے مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر ماتلی ڈاکٹر راشد علی چنہ اور مختیارکار ماتلی منصب جونیجو کی سربراہی میں کی گئی کارروائی کے دوران شہر کے مختلف علاقوں سے تجاوزات ہٹاکر عوامی راستے کھلوائے گئے۔ شہریوں کی جانب سے اللہ والا چوک سے اسٹیشن روڈ تک تجاوزات کے باعث آمدورفت میں مشکلات کی شکایات سامنے آئی تھیں، جس پر اسسٹنٹ کمشنر اور مختیارکار کو واٹس ایپ سمیت مختلف ذرائع سے متعدد بار آگاہ کیا گیا تھا۔ شہریوں کا مطالبہ تھا کہ پیدل چلنے والوں اور ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے والی تجاوزات ختم کرائی جائیں۔ دوسری جانب گراں فروشی کے خلاف کارروائی میں سرکاری نرخ ناموں کی خلاف ورزی پر جرمانوں کے معاملے نے نرخ ناموں کے بروقت اجرا کا سوال بھی اٹھا دیا ہے۔ دستیاب معلومات کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر بیورو آف سپلائی اینڈ پرائس، ضلع بدین کی جانب سے روزمرہ استعمال کی اشیاء کی آخری نرخ نامہ فہرست 13 فروری 2026 کو جاری کی گئی تھی، جس کے بعد نئی فہرست جاری نہیں کی گئی، اور اب تقریباً آٹھ ماہ گزر چکے ہیں۔ دکانداروں کا مؤقف ہے کہ منڈیوں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مہنگائی اور خریداری کے نرخوں کے باعث تبدیل ہوتی رہتی ہیں، اس لیے انتظامیہ کو چاہیے کہ ہر پندرہ روز یا کم از کم ماہانہ بنیادوں پر مارکیٹ کی صورت حال کا جائزہ لے کر نئی نرخ فہرست جاری کرے۔ تاجروں کے مطابق نرخ ناموں پر مؤثر عمل درآمد کے لیے ضروری ہے کہ قیمتوں کے تعین میں مارکیٹ کے حالات کو بھی مدنظر رکھا جائے اور متعلقہ حکام تاجروں کے نمائندوں سے مشاورت کرکے اس نظام کو بہتر بنائیں، تاکہ صارفین کو مناسب نرخوں پر اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کے ساتھ دکانداروں کو بھی غیر ضروری مشکلات سے بچایا جاسکے۔

مزید خبریں

Back to top button