ترکی میں مسافر بس اور ٹرک میں خوفناک تصادم،11افراد ہلاک،27زخمی،دونوں ڈرائیورزیرِحراست

انقرہ (جانو ڈاٹ پی کے) ترکی کے مغربی علاقے میں مسافر بس اور ٹرک کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد ہلاک اور 27 زخمی ہوگئے، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حادثہ ترکی کے صوبے مانیسا میں ایک شاہراہ کے داخلی مقام کے قریب پیش آیا۔ یہ شاہراہ سیاحتی شہر بورسا اور ساحلی شہر ازمیر کے درمیان واقع ہے۔ترکی کے وزیر داخلہ مصطفیٰ چیفتچی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے سمیت امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ وزیر داخلہ کے مطابق وہ خود بھی صورت حال کی نگرانی کر رہے ہیں۔حادثے کے بعد سامنے آنے والی تصاویر میں مسافر بس سڑک کنارے نصب حفاظتی رکاوٹوں پر چڑھی ہوئی دکھائی دیتی ہے، جس سے تصادم کی شدت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ترک میڈیا کے مطابق حادثے کی تحقیقات کے سلسلے میں بس اور ٹرک دونوں کے ڈرائیوروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ تاہم، حکام نے تاحال حادثے کی حتمی وجوہات اور ڈرائیوروں کی جسمانی حالت سے متعلق مزید تفصیلات جاری نہیں کیں۔

مزید خبریں

Back to top button