پشاور میں مختلف سڑکیں کنٹینرز لگا کر بند، بی آر ٹی سروس عارضی طور پر معطل


پشاور(جانوڈاٹ پی کے) شہر کی مختلف اہم سڑکوں پر کنٹینرز لگا کر راستے بند کر دیے گئے، جس کے باعث بی آر ٹی سروس بھی عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔
ترجمان ٹرانس پشاور کے مطابق باچا خان چوک، خیبر روڈ اور فردوس چوک پر کنٹینرز رکھ کر آمدورفت روک دی گئی ہے۔ سڑکوں کی بندش اور سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر بی آر ٹی بس سروس کو عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ بی آر ٹی کا عملہ مختلف اسٹیشنز پر موجود ہے اور صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔ حالات کا جائزہ لینے کے بعد سروس کی بحالی سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سفر کے لیے متبادل راستوں اور ذرائع آمدورفت کو مدنظر رکھیں، جبکہ بی آر ٹی سروس کی بحالی سے متعلق تازہ معلومات کے لیے ٹرانس پشاور کے اعلانات پر نظر رکھیں۔