سیالکوٹ لاہور موٹروے پر چلتی کار میں آگ بھڑک اٹھی، موٹروے پولیس نے دونوں سواروں کو بچا لیا


سیالکوٹ(جانوڈاٹ پی کے) سیالکوٹ لاہور موٹروے پر ایک کار میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، تاہم موٹروے پولیس کی بروقت کارروائی کے باعث گاڑی میں سوار دونوں افراد محفوظ رہے اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق گاڑی میں بظاہر شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگی۔ اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس کے اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں سواروں کو بحفاظت گاڑی سے باہر نکال لیا۔
ترجمان کے مطابق سب انسپکٹر رمیز خان اور سب انسپکٹر عامر سجاد نے امدادی کارروائی میں حصہ لیا۔ اہلکاروں نے آگ بجھانے والے آلات اور خصوصی کمبل کی مدد سے شعلوں پر قابو پایا، تاہم آتشزدگی کے نتیجے میں گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔
موٹروے پولیس کے ترجمان سینٹرل ریجن کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد ریسکیو 1122 کو بھی طلب کر لیا گیا، جبکہ متعلقہ افسران موقع پر موجود رہے۔ بروقت امدادی کارروائی کے باعث ایک ممکنہ بڑے حادثے میں انسانی جانوں کو محفوظ رکھا گیا۔