آپریشن ردالفتنہ 3: پشین میں اسلحے اور گولہ بارود کی بڑی کھیپ پکڑی گئی

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) سکیورٹی فورسز اور ایف سی بلوچستان نے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے افغانستان سے اسلحہ اور گولہ بارود کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ کارروائی کے دوران ضلع پشین کے علاقے سرانان میں ایک گودام پر چھاپہ مار کر اسلحے اور گولہ بارود سے بھری گاڑی پکڑ لی گئی۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے پشین میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں افغانستان سے گولہ بارود منتقل کرنے کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سرانان میں کارروائی کے دوران گاڑی سے 3 راکٹ پروپیلڈ گرینیڈز (آر پی جی)، 4 لائٹ مشین گنز، ایک مشین گن، دستی بم، راکٹس اور بھاری مقدار میں گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق علاقے میں دہشت گرد عناصر کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظر سرچ آپریشن تاحال جاری ہے، جبکہ برآمد ہونے والے اسلحے اور گولہ بارود سے متعلق مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بلوچستان میں امن و استحکام برقرار رکھنے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔



