پی ٹی آئی کا لانگ مارچ بھی جاری، مذاکرات کے دروازے بھی کھلے!صوابی میں مارچ روکنے پر اتفاق

پشاور (جانو ڈاٹ پی کے)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی زیرِ صدارت پی ٹی آئی کی سینئر قیادت کے اجلاس میں لانگ مارچ اور حکومت کے ساتھ مذاکرات بیک وقت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مذاکرات کی صورت میں لانگ مارچ صوابی کے مقام پر روک دیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں ہونے والے اجلاس میں ملکی سیاسی صورت حال، لانگ مارچ، حکومت سے مذاکرات اور دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں قائم مقام چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان، سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ، صوبائی صدر جنید اکبر خان، پارلیمانی لیڈر شاہد خٹک اور صوبائی وزیر شفیع جان نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ موجودہ صورت حال میں گورنر راج یا ایمرجنسی کا نفاذ غیر آئینی اقدام ہوگا۔ اجلاس کے شرکا نے حکومت کے ساتھ مذاکرات کا ایک اور موقع دینے پر بھی اتفاق کیا، تاہم لانگ مارچ جاری رکھنے کا فیصلہ برقرار رکھا گیا۔

دوسری جانب بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ پی ٹی آئی مذاکرات کی خواہش رکھتی ہے، لیکن فی الحال اس کے امکانات نظر نہیں آرہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ جاری رہے گا، تاہم پارٹی مذاکرات کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت مذاکرات کے معاملے پر سنجیدہ دکھائی نہیں دے رہی، جبکہ پی ٹی آئی چاہتی ہے کہ مسئلے کا حل بات چیت کے ذریعے نکالا جائے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی قوتیں ہمیشہ مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرتی ہیں اور پی ٹی آئی نے نو ماہ انتظار کیا ہے۔ ان کے مطابق پارٹی کا مطالبہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات اور ان کے علاج کی سہولت فراہم کرنا ہے، جسے وہ غیر آئینی یا غیر قانونی مطالبہ نہیں سمجھتے۔

مزید خبریں

Back to top button