پاسدارانِ انقلاب کی آبنائے ہرمز سے باہر بھی بحری جہازوں کے خلاف کارروائی کی دھمکی

تہران(جانوڈاٹ پی کے)ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے آبنائے ہرمز سے باہر بھی مبینہ خلاف ورزی کرنے والے بحری جہازوں کے خلاف کارروائیوں کی دھمکی دی ہے۔

ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی جارحیت پسندوں کے دھوکے میں آنے والے جہازوں کے خلاف کارروائی اب صرف آبنائے ہرمز تک محدود نہیں رہے گی۔

بیان میں خبردار کیا گیا کہ سمندری چٹانوں کو دھماکے سے اُڑا کر بنائے گئے غیر مجاز بحری راستہ اختیار کرنے والے کسی بھی جہاز کا پورے خطے میں تعاقب کیا جائے گا اور اسے یقینی طور پر سزا دی جائے گی۔

پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا کہ اس نے آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش کرنے والے مائع پیٹرولیم گیس (LPG) بردار بحری جہاز کو نشانہ بنایا ہے۔

تاہم فراہم کردہ رپورٹ میں جہاز کی شناخت، حملے سے ہونے والے نقصان اور عملے کی ممکنہ صورتِ حال سے متعلق تفصیلات نہیں دی گئیں۔

واضح رہے کہ آبنائے ہرمز عالمی تجارت کے لیے انتہائی اہم بحری گزرگاہ ہے جہاں سے تیل اور گیس کی بڑی مقدار بین الاقوامی منڈیوں تک پہنچتی ہے تاہم اس آبی گزرگاہ کو ایران نے امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے بعد مارچ سے بند کر رکھا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button