وفاق اور صوبوں کی مشترکہ کوششوں سے فیول ریلیف اسکیم کامیاب ہوئی،وزیراعظم

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل طریقے سے فیول سبسڈی اسکیم سے براہ راست مستفید ہونے والے افراد کی تعداد 1 کروڑ سے بڑھ گئی، اسکیم کے آغاز پر مختلف سوالات تھے لیکن صوبوں نے وفاق کے ساتھ مل کر اسکیم کامیاب بنائی۔
فیول سبسڈی اسکیم میں شفاف انداز سے سبسڈی دینے پر وزرا و افسران کے اعزاز میں عصرانے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے تمام متعلقہ وزارتوں اور محکموں کی شفاف اسکیم پر پذیرائی کی، جبکہ شزہ فاطمہ کے لیے تمغے کا اعلان بھی کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ وفاق نے صوبوں کے ساتھ مل کر فیول سبسڈی دی، ہماری مشترکہ کاوشیں آج رنگ لا رہی ہیں، فروری میں بھی اس طرح کے ریلیف کے لیے صوبوں اور وفاق نے کردار ادا کیا تھا، فروری میں 1.3 ملین افراد اس ریلیف سے فیضیاب ہوئے، آج فیول ریلیف حاصل کرنے والوں کی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کرگئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ فیول ریلیف سے فائدہ صرف ایک شخص کو نہیں اس کے بچوں اور فیملی کو بھی ہوتا ہے، فیول ریلیف میں کردار پر تمام وزرائے اعلیٰ کو شکریہ کے خطوط لکھے، فیول ریلیف کا یہ سلسلہ ابھی چلتا رہے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ فیول ریلیف حاصل کرنے والوں میں 96 فیصد موٹر سائیکل والے ہیں، ایک کروڑ 8 لاکھ 80 ہزار افراد نے فیول ریلیف کیلئے رجسٹریشن کروائی ہے، مجموعی طور پر فیول ریلیف کیلئے 2 کروڑ 17 لاکھ ٹوکن جاری کیے گئے، ایک کروڑ 94 لاکھ ٹوکنز پر شہریوں نے رعایتی قیمت پر پیٹرول حاصل کیا۔



