پاک ویٹیکن سفارتی تعلقات کے75سال مکمل،باہمی تعاون مزید مضبوط بنانے پراتفاق

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان اور ویٹیکن نے بین المذاہب ہم آہنگی، باہمی احترام اور پُرامن بقائے باہمی کے فروغ کے ساتھ دوطرفہ سفارتی تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور ہولی سی کے سیکرٹری برائے تعلقاتِ ریاست آرچ بشپ پال رچرڈ گلاگر کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں مکالمے، علاقائی و عالمی امن اور مختلف مذاہب کے درمیان افہام و تفہیم بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے آرچ بشپ پال رچرڈ گلاگر کا خیرمقدم کیا اور امن، بین المذاہب ہم آہنگی اور مکالمے کے فروغ میں ہولی سی کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کی کیتھولک برادری کی بالخصوص تعلیم اور صحت کے شعبوں میں خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

آرچ بشپ پال رچرڈ گلاگر نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ثالثی، مکالمے اور سفارت کاری کے ذریعے خطے میں امن کے قیام کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

اس موقع پر اسحاق ڈار نے پوپ لیو چہاردہم کے امن اور مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل سے متعلق اصولی مؤقف کو سراہا۔ انہوں نے فلسطینی عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے جاری انسانی بحران پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور عالمی برادری پر خطے میں امن کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق آرچ بشپ پال رچرڈ گلاگر پاکستان اور ہولی سی کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے سلسلے میں پاکستان کے دورے پر ہیں۔ ملاقات میں دونوں فریقوں نے دوطرفہ تعلقات کے استحکام اور مختلف مذاہب کے درمیان احترام، افہام و تفہیم اور پُرامن بقائے باہمی کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزید خبریں

Back to top button