چینی سرمایہ کاروں کی نمایاں دلچسپی، پاکستان میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی تعداد3لاکھ17ہزار تک پہنچ گئی

 اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان میں ستمبر 2026 کے دوران 5 ہزار 241 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں، جس کے بعد ملک میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 17 ہزار کی سطح پر پہنچ گئی۔

سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے مطابق ستمبر میں کمپنیوں کی 99.9 فیصد رجسٹریشن آن لائن مکمل کی گئی۔ نئی رجسٹریشنز میں 3 ہزار 13 پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنیاں، 2 ہزار 58 سنگل ممبر کمپنیاں، 127 لمیٹڈ لائیبلٹی پارٹنرشپس (ایل ایل پیز)، 29 غیر منافع بخش ادارے، 10 پبلک کمپنیاں، 2 تجارتی تنظیمیں اور 2 غیر ملکی کمپنیاں شامل ہیں۔

علاقائی اعتبار سے پنجاب 2 ہزار 740 نئی کمپنیوں کے ساتھ سرفہرست رہا، جبکہ اسلام آباد میں ایک ہزار 9، سندھ میں 790، خیبر پختونخوا میں 428، گلگت بلتستان میں 169 اور بلوچستان میں 105 کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔

شعبہ وار اعداد و شمار کے مطابق آئی ٹی کے شعبے میں سب سے زیادہ 920 کمپنیاں قائم ہوئیں۔ ٹریڈنگ میں 808، سروسز میں 599، کنسٹرکشن میں 339، فوڈ میں 239، سیاحت میں 222 اور رئیل اسٹیٹ میں 193 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ کی گئیں۔

ایس ای سی پی کے مطابق ایجوکیشن کے شعبے میں 189، ای کامرس میں 179 اور مائننگ میں 127 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں، جبکہ دیگر شعبوں میں مجموعی طور پر ایک ہزار 426 نئی کمپنیاں قائم کی گئیں۔

ستمبر کے دوران 167 غیر ملکی سرمایہ کاروں نے بھی رجسٹریشن کے عمل میں حصہ لیا، جن میں چین 113 سرمایہ کاروں کے ساتھ سرفہرست رہا۔

اعداد و شمار کے مطابق کمپنیوں کے شیئر ہولڈرز اور ڈائریکٹرز میں خواتین کا تناسب 14 فیصد، الٹیمیٹ بینیفیشل اونرز میں 11 فیصد اور چیف ایگزیکٹوز کے عہدوں پر 8 فیصد رہا۔

مزید خبریں

Back to top button