سعودی عرب کی سلامتی کیلئے پُرعزم، حوثی ملیشیا حملے فوری بند کر دے، وزیراعظم

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب پر حوثی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ابہا ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے کی مذمت کی اور حملوں کے نتیجے میں شہریوں کی ہلاکتوں اور زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے سعودی مسلح افواج اور اتحادی افواج کی مستعدی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے سعودی عرب پر متعدد بیلسٹک میزائل حملے ناکام بنانے پر سعودی افواج کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب کی سلامتی کے لیے پاکستان کا عزم غیر متزلزل ہے۔ پاکستان سعودی عرب کے اپنے عوام، شہروں اور اہم تنصیبات کے دفاع کے جائز حق کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

شہباز شریف نے حوثی ملیشیا سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر سعودی عرب پر حملے بند کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطرات کے مقابلے میں سعودی عرب کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا رہے گا اور سعودی مملکت کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے حمایت جاری رکھے گا۔

مزید خبریں

Back to top button