شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، فتنۃ الخوارج کے 7 دہشت گرد ہلاک، اسلحہ و گولہ بارود برآمد

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو بھی تباہ کیا گیا، جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میں فتنۃ الخوارج کے خلاف مؤثر کارروائی کی گئی، جس میں 7 خارجی ہلاک ہوئے۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا، جبکہ عزمِ استحکام ویژن کے تحت جاری کارروائیوں میں ان کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کیے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں فتنۃ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
شمالی وزیرستان میں کارروائی کے دوران 7 دہشت گردوں کی ہلاکت پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشت گردوں کے غیر ملکی سرپرستوں اور مقامی سہولت کاروں کی سازشوں کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے بیان میں کہا کہ قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بہادر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے اور خوارجیوں کو کسی بھی جگہ چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔



